تعلیم میں مصنوعی ذہانت — مددگار یا نقصان دہ؟

دنیا میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال زندگی کے ہر شعبے میں تیزی سے بڑھ رہا ہے، خاص طور پر تعلیم کے میدان میں اسے ایک بڑی تبدیلی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ دعوے عام ہیں کہ AI کے ذریعے انسان بہت کم وقت اور محنت میں زیادہ سیکھ سکتا ہے۔ تاہم، بین الاقوامی سطح پر پندرہ سالہ طلبہ کے تعلیمی جائزوں اور تحقیقی اعداد و شمار سے ایک مختلف تصویر سامنے آتی ہے۔ کینیڈا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق، جو طلبہ اپنے اسکول کے کام کے لیے ہر ہفتے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہیں، وہ ان طلبہ سے اوسطاً 2 سال پیچھے پائے گئے جو اس کا بالکل استعمال نہیں کرتے۔ دوسری جانب، کچھ دیگر تحقیقات یہ بھی بتاتی ہیں کہ AI استعمال کرنے والے بعض طلبہ نے دو گنا زیادہ سیکھا۔ اس تناقض کے بعد یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا AI سیکھنے کے عمل کو تیز کرتی ہے یا اسے نقصان پہنچاتی ہے؟

سیکھنے کے عمل میں آنے والی مشکلات کی اہمیت

تعلیم اور سیکھنے کا اصل راز اس بات میں پوشیدہ ہے کہ انسان کو اس عمل کے دوران کن چیلنجز اور مشکلات (Friction) کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سیکھنا کسی مختصر راستے (Shortcut) کے ذریعے ممکن نہیں ہے، کیونکہ کسی بات کو محض سمجھ لینا اور اس پر عملاً قادر ہونا دو بالکل مختلف باتیں ہیں۔ 

اس کی مثال اسکیٹ بورڈنگ (Skateboarding) یا کسی تکنیکی مہارت سے لی جا سکتی ہے۔ آپ یوٹیوب پر ویڈیو دیکھ کر اسکیٹ بورڈنگ کے تمام مراحل اور اصول تو سمجھ سکتے ہیں، لیکن پہلی بار خود بورڈ پر سوار ہونے پر گرنے کے امکانات ہی رہیں گے۔ یہی صورتحال کوڈنگ اور دیگر مضامین میں ہوتی ہے، جہاں صرف ویڈیو دیکھنا یا تیار مواد پڑھ لینا واقعی میں وہ صلاحیت پیدا نہیں کرتا جو خود عمل کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔

سیکھنے کا احساس بمقابلہ واقعی سیکھنا

ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین کی 2019ء کی ایک معروف تحقیق (PNAS) نے یہ ثابت کیا کہ طلبہ کا "سیکھنے کا احساس" (Feeling of Learning) اکثر ان کے "واقعی سیکھنے" (Actual Learning) سے مختلف ہوتا ہے۔

  • جب کسی استاد کا لیکچر بہت ہموار اور آسان معلوم ہوتا ہے، تو طلبہ کو لگتا ہے کہ انہوں نے بہت زیادہ سیکھ لیا ہے اور وہ کلاس کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔
  • جب طلبہ کو خود مسائل حل کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، تو انہیں لگتا ہے کہ وہ کم سیکھ رہے ہیں کیونکہ اس میں محنت اور الجھن محسوس ہوتی ہے، حالانکہ نتائج کے مطابق انہی طلبہ کی واقعی علمی لیاقت زیادہ ہوتی ہے۔

مصنوعی ذہانت سے یہی فریب پیدا ہوتا ہے؛ جب AI مسائل کا فوراً حل یا تحریر کا خلاصہ دے دیتی ہے تو طالب علم کو لگتا ہے کہ وہ سمجھ گیا ہے، جبکہ درحقیقت اس نے اسے ذہن نشین کرنے کا مرحلہ طے ہی نہیں کیا ہوتا۔

عملی تجربات اور تحقیقات کے نتائج

ترکی کے ہائی اسکولوں میں 1,000 سے زائد طلبہ پر ریاضی کے مشق سیشنز کے حوالے سے ایک تجربہ کیا گیا۔ ان طلبہ کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا:

  1. مصنوعی ذہانت کا عام استعمال: اس ماڈل میں بچوں کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کی عام اجازت تھی۔
  2. مصنوعی ذہانت کا اشاراتی استعمال: اس ماڈل نے بچوں کو فوراً جواب دینے کے بجائے محض اشارے (Hints) فراہم کیے۔
  3. مصنوعی ذہانت کے بغیر: جن کے پاس AI کی سہولت نہیں تھی اور وہ صرف اپنی کتابوں سے پڑھ رہے تھے۔

جب AI کے بغیر حتمی امتحان لیا گیا تو طلبہ کے پہلے گروپ کا اسکور AI نہ استعمال کرنے والے بچوں سے 17% کم رہا۔ دوسرا گروپ جنہیں اشارات دیے گئے، وہ تیسرے گروپ کے نتائج کے قریب قریب پہنچ سکے۔ جبکہ مصنوعی ذہانت کے بغیر والے بچوں کا نتیجہ سب سے بہتر رہا۔

اسی طرح مصنوعی ذہانت کی سروس Claude تیار کرنے والی کمپنی نے Pythonکے ڈویلپرز پر ایک تحقیق کی۔ جن ڈویلپرز کو AI کی سہولت حاصل تھی، ان کا ٹیسٹ اسکور 50% رہا، جبکہ خود کوڈ لکھنے والوں کا اسکور 67% تھا۔ سب سے بڑا فرق Debugging یعنی کوڈ کی غلطیاں تلاش کرنے کے سوالات میں دیکھا گیا۔ AI کا زیادہ سہارا لینے والے یہ پہچاننے میں ناكام رہے کہ ان کا کوڈ کہاں اور کیوں خراب ہو رہا ہے۔

مواد کو اپنی ضرورت کے مطابق ڈھالنے کی اہمیت

سابقہ ادوار میں کوڈنگ اور پروگرامنگ کے متعلق معلومات کی تلاش کے لیے Stack Overflow جیسے پلیٹ فارمز پر جانا پڑتا تھا، جہاں مطلوبہ حل تلاش کرنے، اسے اپنے کوڈ کے مطابق ڈھالنے اور غلطیوں کو درست کرنے میں خود محنت کرنا پڑتی تھی۔ اس عمل کے دوران ہی ڈی بگنگ کی بنیادی مہارتیں پیدا ہوتی تھیں۔ جبکہ آج کل AI ایک ہی پرامپٹ پر بنا بنایا جواب دے دیتی ہے۔ 

تیار مواد یا فلش کارڈز دیکھ کر انسان سمجھتا ہے کہ اسے موضوع پر عبور حاصل ہو گیا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جب آپ خود فلش کارڈز یا نوٹس بناتے ہیں، تو آپ مواد کو پرکھتے ہیں، اہم نکات کا انتخاب کرتے ہیں، اور اس طرح اپنی معلومات کے خلا کو پر کرتے ہیں۔ AI ان بنیادی کارروائیوں کو خود کر کے طالب علم کو اس اہم سیکھنے کے عمل سے محروم کر دیتی ہے۔

مصنوعی ذہانت کو کس طرح مثبت بنایا جائے؟

تمام تر تحقیقات کا خلاصہ یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت بذاتِ خود مسئلہ نہیں ہے، بلکہ اس کا بطور شارٹ کٹ استعمال ہونا اصل نقصان کا باعث بنتا ہے۔

جن صورتوں میں AI نے طلبہ کے سیکھنے کی رفتار یا معیار کو بہتر کیا، ان میں AI کو اس انداز میں ڈیزائن یا استعمال کیا گیا تھا کہ وہ بچوں کو فوراً جواب دینے کے بجائے خود سوچنے پر مجبور کرے اور ان کے راستے میں مثبت فکری الجھن قائم رکھے۔

ڈویلپرز میں بھی وہی لوگ کامیاب رہے جنہوں نے AI سے صرف سمجھنے کی غرض سے سوالات پوچھے اور غلطیاں خود درست کیں۔

مصنوعی ذہانت کے دور میں بنیادی صلاحیت کی اہمیت

یہ سوچنا ایک سنگین غلطی ہے کہ ’’اب تو AI خود کوڈ لکھ لیتی ہے، اس لیے ہمیں سیکھنے کی کیا ضرورت ہے؟"  کیلکولیٹر اور AI میں بنیادی فرق یہ ہے کہ کیلکولیٹر کا حساب ہمیشہ درست ہوتا ہے، جبکہ AI غلطیاں کر سکتی ہے اور وہ بھی مکمل اعتماد کے ساتھ۔ اگر آپ کو خود اپنے شعبے (جیسے ویب ڈیولپمنٹ یا CSS) کا بنیادی علم نہیں ہوگا تو آپ AI کے دیے ہوئے غلط یا غیر معیاری مواد کی نشاندہی نہیں کر سکیں گے۔

کم علم شخص کے لیے AI کم مفید ہوتی ہے کیونکہ وہ اچھے اور برے نتائج میں تفریق نہیں کر سکتا۔ جبکہ ماہر شخص کے لیے AI بہت زیادہ مفید ثابت ہوتی ہے کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ کیا پوچھنا ہے اور AI کی غلطیوں کی اصلاح کیسے کرنی ہے۔

حاصل

اگر آپ کچھ نیا سیکھنا چاہتے ہیں، تو پہلے اسے خود سیکھنے کی کوشش کریں:

  1. بنیادی دستاویزی مواد اور کتب کا مطالعہ کریں۔
  2. چھوٹے پراجیکٹس اور ڈیمو خود بنائیں۔
  3. مسائل کا سامنا کریں اور جب آپ کسی رکاوٹ پر اٹک جائیں تو AI سے یہ نہ پوچھیں کہ "جواب کیا ہے؟" بلکہ یہ پوچھیں کہ "یہ چیز اس طرح کیوں کام کر رہی ہے؟"
  4. اگر AI آپ کے لیے کوئی کوڈ یا مواد تیار کرتی ہے تو اسے محض دیکھ کر آگے نہ بڑھیں، بلکہ اسے خود سے دوبارہ بنا کر دیکھیں۔

دنوں پر محیط سیکھنے کا عمل چند منٹ میں پورا نہیں ہو سکتا۔ وقت اور محنت کی یہ مشقت ہی دراصل وہ ذریعہ ہے جو پائیدار علم اور حقیقی صلاحیت کا باعث بنتا ہے۔

https://youtu.be/wYk1IpGEBIk


اقسام مواد

تراجم