سوچ کو منطقی بنانے کا ایک لائحہ عمل
ممکن ہے آپ کے کیریئر کی سب سے بڑی رکاوٹ کا تعلق آپ کی محنت سے نہ ہو بلکہ آپ کی سوچ کے انداز سے ہو۔ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ منطقی سوچ کیسی ہوتی ہے، اور وہ بھی تین مراحل پر مشتمل ایک ایسے فریم ورک کے ذریعے سے، جسے آپ فوری طور پر استعمال کرنا شروع کر سکتے ہیں۔ منطقی سوچ کی مہارتیں آپ کو ایک سخت محنتی کارکن کی بجائے ایک تزویراتی رہنما کے طور پر پیش کرتی ہیں۔
منطقی سوچ کام کی جگہ پر سب سے زیادہ زیرِاستعمال دماغی مہارتوں میں سے ایک ہے، لیکن یہ سب سے کم سمجھی جانے والی مہارت بھی ہے۔ کاموں کی تفصیلات اور کارکردگی کے جائزوں کے حوالے سے اس کا مشاہدہ اکثر سامنے آتا رہتا ہے، تاہم زیادہ تر لوگ یہ نہیں جانتے کہ اسے عملی طور پر مؤثر بنانے کا مطلب کیا ہے۔ بنیادی طور پر، منطقی سوچ کا مطلب یہ ہے کہ آپ معلومات کو سمجھنے، دلائل کا تجزیہ کرنے، اور پیشہ ورانہ ماحول میں فیصلے کرنے میں زیادہ محتاط، منظم اور باضابطہ طریقہ کار اپنائیں۔
RED ماڈل: منطقی سوچ کا عملی فریم ورک
اس کے لیے ایک انتہائی عملی فریم ورک RED ماڈل ہے، جسے پیئرسن کے ’’ٹیلنٹ لینز‘‘ نے تیار کیا ہے۔ یہ تقریباً بیس سال سے موجود ہے اور مختلف علمی شعبوں میں تحقیقی جرائد میں زیرِ مطالعہ رہا ہے۔ RED کا مطلب ہے تین بنیادی مہارتیں:
- مفروضوں کو پہچانیں (Recognize assumptions)
- دلائل کا جائزہ لیں (Evaluate arguments)
- نتائج اخذ کریں (Draw conclusions)
پہلا مرحلہ: مفروضوں کو پہچانیں
پہلے مرحلے میں آپ کو یہ جاننا ہے کہ کیا چیز بس ایسے ہی پر مان لی گئی ہے۔ بہت سے لوگ اپنے مفروضوں کو حقائق کی طرح پیش کرتے ہیں، حالانکہ ان مفروضوں کی کبھی تصدیق نہیں کی گئی ہوتی۔ غیر جانچے گئے مفروضے حیران کن طور پر بڑے فیصلوں کو متاثر کرتے ہیں۔ اگر آپ کے مفروضے غلط ہیں تو آپ کے نتائج بھی ممکنہ طور پر غلط ہوں گے۔ مثال کے طور پر، فرض کریں کوئی ٹیم ممبر کہتا ہے: ’’ہمارے گاہک اس پروڈکٹ میں یہ فیچر نہیں چاہتے۔‘‘ یہ بات سطحی طور پر معقول لگتی ہے لیکن یہ دعویٰ اعداد و شمار کے بجائے مفروضوں پر مبنی ہو سکتا ہے۔ پیشہ ورانہ ماحول میں اگر کوئی شخص اعتماد سے بولتا ہے، خاص طور پر اگر وہ لیڈرز میں سے ہو، تو زیادہ تر لوگ فرض کر لیتے ہیں کہ اس کے پاس مناسب وجوہات ہوں گی۔
اچھی منطقی سوچ کا مطلب ہے کہ سوال پوچھ کر ان مفروضوں سے آگے بڑھنا۔ اگر کوئی کہے کہ گاہک یہ خصوصیت نہیں چاہتے، تو آپ پوچھ سکتے ہیں: ’’کون سے گاہک؟ کس اعداد و شمار کی بنیاد پر؟‘‘ مضبوط منطقی سوچ رکھنے والے خود سے بھی یہ سوال کرتے ہیں اور سامنے والوں سے بھی کہ: ’’ہم یہاں کیا مفروضے بنا رہے ہیں؟ اس مفروضے کے لیے کیا ثبوت ہے؟ ہم کیا چیز نظر انداز کر رہے ہیں؟‘‘ اس طرح کے سوالات سوچ کے معیار کو بہتر بناتے ہیں اور آپ کو ایک منطقی سوچ رکھنے والے فرد کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آپ کب کسی فیصلے کے پیچھے موجود مفروضوں پر سوال اٹھاتے ہیں، بجائے اس کے کہ بغیر سوچے سمجھے کسی کی بات میں ہاں ملا دیں۔
دوسرا مرحلہ: دلائل کا جائزہ لیں
جب مفروضے سامنے آ جائیں تو اگلا مرحلہ کسی کے دلائل کا جائزہ لینا ہے۔ یاد رکھیے، یہاں دلیل سے مراد لڑائی جھگڑا نہیں ہے بلکہ پیشہ ورانہ اور تعلیمی ماحول میں کسی دعوے کی تائید میں دلائل اور شواہد پیش کرنا ہے۔ ایک منطقی مفکر کے طور پر آپ کو درج ذیل باتیں سننی چاہئیں:
- وضاحت — کیا شخص کا مجموعی مؤقف واضح ہے؟
- ثبوت کا معیار — کیا ڈیٹا، مثالیں اور معاون مواد قابلِ اعتبار اور متعلقہ ہیں؟
- منطق — کیا ثبوت سے قدرتی طور پر نتائج برآمد ہو رہے ہیں؟
- اور ممکنہ جانبداری — کیا کوئی چیز جان بوجھ کر شامل یا خارج کی گئی ہے؟
مثال کے طور پر، کوئی شخص اعتماد سے کہتا ہے: ’’ہمیں اس منصوبہ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے کیونکہ ہمارا حریف ایسا کر رہا ہے۔‘‘ یہ بات بظاہر معقول لگ سکتی ہے لیکن ہو سکتا اس کے پیچھے زیادہ مضبوطی نہ ہو۔ اچھے منطقی سوالات یہ ہوں گے:
- حریف کو اس سرمایہ کاری سے کیا نتائج مل رہے ہیں؟
- ان کی صورتحال ہم سے کتنی مشابہت رکھتی ہے؟
- یہ سرمایہ کاری خاص طور پر ہمارے لیے کیسے مددگار ہو سکتی ہے؟
میں نے ایک بار ایک میٹنگ میں تھا جہاں ایک ماہر نے بڑے اعتماد کے ساتھ اپنے کلائنٹس کی چار ترجیحات بتائیں۔ کچھ ہی دیر بعد ایک شخص نے سادہ سے سوال پوچھے: ’’یہ چار ترجیحات کہاں سے آئی ہیں؟ ہمیں کیسے پتہ کہ کلائنٹ واقعی یہی چاہتے ہیں؟‘‘ چند ہی منٹوں میں یہ واضح ہو گیا کہ ان ترجیحات کے پیچھے کوئی ثبوت نہیں تھا۔ چنانچہ منطقی سوال پوچھنے والے نے ٹیم کا بہت وقت اور محنت بچا لی۔ آپ مزید سوالات پوچھ سکتے ہیں: ’’اس کی تائید میں کیا ثبوت ہے؟ اس کے پیچھے ڈیٹا کتنا مضبوط ہے؟ کیا ہم مرحلہ وار اس منصوبہ کا جائزہ لے سکتے ہیں؟‘‘
ایک اہم نوٹ: یہ سوالات بہت دوٹوک اور سخت لگ سکتے ہیں، اس لیے آپ کو ایسا نظر نہیں آنا چاہیے جیسے کوئی وکیل سامنے والے پر جرح کر رہا ہو۔ بلکہ ایسے سوالوں کو ایک معاون کے طور پر تجسس بھرے رویے اور نرم انداز کے سامنے لائیں۔ ایسا تاثر اور توازن قائم کریں کہ آپ ایک ایسے شخص کے طور پر سامنے آ رہے ہیں جو واقعی سمجھنا چاہتا ہے، نہ کہ اس کا مقصد محض مخالفت کرنا یا دوسروں کو پھنسانا ہے۔
سوال یہ ہے کہ جب آپ کام کی جگہ پر کوئی مضبوط رائے سنتے ہیں، تو کیا آپ عام طور پر اسے اسی طرح سے قبول کر لیتے ہیں یا اس کے پیچھے موجود دلیل کو جانچنے کے لیے کچھ توقف کرتے ہیں۔ ایسے میں جب آپ مناسب سوالات پوچھتے ہیں تو آپ ٹیم کو بہتر سوچنے میں مدد دیتے ہیں۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ اگر آپ کے ذہن میں کوئی خاص سوال ہے، تو عام طور پر دوسرے لوگوں کے ذہن میں بھی وہی سوال ہوتا ہے۔
تیسرا مرحلہ: نتائج اخذ کریں
یہ وہ مرحلہ ہے جہاں منطقی سوچ سب سے زیادہ نمایاں ہوتی ہے۔ جب تجزیے اور سوالات اپنے اختتام کو پہنچ جائیں اور آپ نے مسئلے کو ہر زاویے سے دیکھ لیا ہو، تو نتیجہ اخذ کرنے، فیصلہ کرنے، اور سفارش پیش کرنے کا وقت آ جاتا ہے۔ ایک اچھی منطقی سوچ رکھنے والا فرد اپنے موقف کو مختصر اور واضح طور پر بیان کرتا ہے اور ’’کیوں‘‘ کی وضاحت کرتا ہے۔ وہ دکھاتا ہے کہ اس نے ثبوت کو کس طرح احتیاط سے جانچا ہے، اہم غیر یقینی صورتحال کو تسلیم کیا ہے، اور پھر ایک واضح حتمی سفارش دی ہے۔
محض یہ کہنے کی بجائے کہ ’’ہم آپشن B کو قبول کریں گے‘‘، ایک مضبوط منطقی سوچ رکھنے والا یہ کہتا ہے کہ ’’اعداد و شمار اور رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں آپشن B کی سفارش کرتا ہوں کیونکہ یہ لچک برقرار رکھتے ہوئے خطرے کو کم کرتا ہے۔‘‘ چنانچہ اس طرح سے ’’کیوں‘‘ کی وضاحت کرنا اعلیٰ سطح کی شراکت کو ظاہر کرتا ہے اور آپ کے نتیجے کے لیے مضبوط دلیل پیش کرتا ہے۔
کسی بھی فیصلے، سفارش، یا جائزے کی وضاحت کے لیے ایک آسان فریم ورک یہ ہے کہ اپنے پیغام کو اس طرح سے چند جملوں میں ترتیب دیں:
- ہمارے پاس یہ راستے ہیں — (یعنی ہم کن چیزوں کے درمیان انتخاب کر رہے ہیں)
- یہ بنیادی سوال ہے جو حل چاہتا ہے — (یعنی وہ اہم باتیں جو معاملے کی بنیاد ہیں)
- جبکہ میری سفارش یہ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے — (یعنی وہ وجوہات جو آپ کی سفارش کی تائید کریں)
مثال کے طور پر: ہمارے پاس یہ چوائسز ہیں: ٹول A سستا ہے اور استعمال میں آسان ہے، جبکہ ٹول B مہنگا ہے اور استعمال میں تھوڑا مشکل ہے لیکن کام کے لحاظ سے بہتر ہے۔ بنیادی دباؤ یہ ہے کہ ٹول A مختصر مدت میں پیسے بچاتا ہے اور استعمال میں آسان ہے لیکن یہ ہماری تمام ضروریات پوری نہیں کرتا۔ کلیدی سوال یہ ہے کہ کیا ہم ابھی پیسے بچائیں یا طویل مدت میں بہتر کام کرنے والی چیز حاصل کریں؟ میری سفارش یہ ہے کہ ہم ٹول B منتخب کریں کیونکہ یہ ابتدائی طور پر مہنگا ضرور ہے، اور اسے باقاعدہ سیکھنا بھی پڑے گا، لیکن چونکہ کام میں رکاوٹ ہمیں پہلے ہی وقت اور پیسے کا نقصان پہنچا رہی ہے، اس لیے اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے ٹھیک کرنا بہتر آپشن ہے۔
آپ اپنے انداز کے مطابق جملے خود ترتیب دے سکتے ہیں لیکن یہ بات یقینی بنائیں کہ اپنی گفتگو کو چوائسز، بنیادی محرکات، اور اپنی حتمی سفارش کی وجوہات کے گرد ترتیب دیں۔ یہی ایک منطقی سوچ رکھنے والے کا انداز ہوتا ہے۔ یہ تھے RED ماڈل کے مراحل۔ امید ہے کہ آپ بہت سے معاملات میں انہیں فوری طور پر عمل میں لا سکیں گے۔
