آبی ذخائر کو آلودگی سے بچانے کا ایک طریقہ
آسٹریلیا کے ایک شہر نے پانیوں کو آلودگی سے بچانے کے لیے نکاسئ آب پر جال لگا دیے ہیں۔ یہ سادہ اور کم لاگت حل شہر کے پانیوں کو صاف رکھنے میں مدد دے رہا ہے۔
ہمارے آبی ذخائر میں آلودگی نہ صرف انسانوں کے لیے خطرناک اور غیر صحت بخش ہے بلکہ یہ جنگلی حیات کو بھی متاثر کرتی ہے۔ اسی لیے ایسی کوششیں جو کسی بھی طرح کے کوڑا کرکٹ کو کم کرنے میں مدد دیں، ان کی تحسین کی جاتی ہے۔ آسٹریلیا کے شہر کونانا (Kwinana) نے نکاسئ آب کے نظام سے خارج ہونے والے کچرے سے نمٹنے کے لیے ایک سادہ اور کم خرچ حل تیار کیا ہے۔ شہر نے نکاسئ پانی کی پائپ لائنوں کے دہانوں پر جال نصب کر دیے ہیں۔ یہ جال کچرے اور آلودہ اشیاء کو نالیوں سے باہر نکلنے سے روکتے ہیں اور بارش کے پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والے کچرے کو شہر کے مقامی آبی ذخائر کو آلودہ کرنے سے بچاتے ہیں۔ یہ فلٹرنگ کا ایک سادہ نظام ہے اور نہایت مؤثر انداز میں کام کرتا ہے۔
شہر کی انتظامیہ کے مطابق، صرف چھ ماہ کے دوران اِن نصب کیے گئے جالوں کے مقامات سے کل 370 کلوگرام (815 پاؤنڈ) کچرا جمع کیا گیا۔ جمع کیے گئے ملبے کو بعد میں الگ الگ کیا جاتا ہے اور اس میں سے ری سائیکلنگ کے قابل مواد کو ایک ری سائیکلنگ سنٹر بھیج دیا جاتا ہے، جہاں قابلِ تحلیل کچرے کو پراسیس کر کے کھاد میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ یہ جال 750 ملی میٹر اور 450 ملی میٹر گولائی کی کنکریٹ پائپ لائنوں کے دہانوں پر لگائے گئے ہیں۔ چھ ماہ کے دوران انہیں مجموعی طور پر تین بار صاف کیا گیا اور اس عرصے میں کسی بھی موقع پر کوئی جانور ان میں پھنسا ہوا نہیں پایا گیا۔
شہر کی میئر کیرول ایڈمز نے SurferToday کو بتایا کہ اس منصوبے پر تقریباً 20 ہزار ڈالر لاگت آئی۔ انہوں نے بتایا کہ ان جالوں کی کارکردگی دیکھنے کے بعد دیگر شہروں کی مقامی حکومتوں نے اس طریقہ کار کو دیگر طریقوں سے چار گنا کم لاگت کا پایا ہے، اور یہ محفوظ ترین آپشن بھی ہے۔ ان جالوں کی خبر سوشل میڈیا تک بھی پہنچی، جہاں مختلف قسم کے میڈیا اداروں نے اس پر رپورٹنگ کی۔ امید ہے کہ دوسرے شہر بھی اس مثال سے متاثر ہو کر اسی طرح کے اقدامات کریں گے۔
———————اس تحریر کی قلم نگار لوکیا پاپادوپولوس ایک صحافی، مصنفہ اور ایڈیٹر ہیں۔ انہیں اقوامِ متحدہ کے Momentum for Change، لیو برنیٹ اور العربیہ انگلش کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے میریانوپولس کالج سے ڈی ای سی، کمیونیکیشنز میں بی اے اور کونکورڈیا یونیورسٹی سے جغرافیہ، شہری اور ماحولیاتی مطالعات میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ہے۔