اسلام کیوں پڑھیں؟ عیسائی نقطۂ نظر

یہ گفتگو ڈاکٹر جیمز اینڈرسن کے ایک لیکچر پر مبنی ہے، جس کا مرکزی موضوع یہ سوال ہے کہ آج کے مسیحیوں کو دنیا کے دوسرے سب سے بڑے مذہب ’’اسلام‘‘ اور تیزی سے بڑھتے ہوئے مسلمان گروہ کے بارے میں جاننے اور سمجھنے کی ضرورت کیوں ہے؟ ایک مسیحی سیمنری میں اسلام کے موضوع پر ہونے والے ایک کورس کا یہ ابتدائی لیکچر ہے۔ اس تعارفی لیکچر میں ڈاکٹر جیمز اینڈرسن نے چھ وجوہات پیش کی ہیں کہ مسیحیوں کے لیے اسلام کے عقائد، تاریخی پس منظر، اور عالمی اثر و رسوخ سے واقفیت حاصل کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ یہ وجوہات ہمیں صرف دنیا کی آبادیاتی تبدیلیوں اور سیاسی حقائق کو سمجھنے میں ہی مدد نہیں دیتیں، بلکہ یہ مسیحی عقائد کے بہتر فہم، مسلمانوں کے ساتھ مؤثر مکالمے، انجیلی بشارت کے مشن، اور دنیا بھر میں ظلم و ستم کے شکار اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہمدردی پیدا کرنے کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

وجہ نمبر ۱: اسلام، دُنیا کا دوسرا بڑا مذہب

  • دنیا کی آبادی کے پانچویں حصے سے زیادہ افراد (تقریباً 24 فیصد / 1.8 بلین / ایک ارب اَسی کروڑ) اسلام سے تعلق رکھتے ہیں۔
  • اگرچہ شرح نمو پر اختلاف ہے لیکن غالب گمان ہے کہ اگلے دس سالوں میں مسلمان دنیا کی آبادی کا 25 فیصد ہو جائیں گے۔
  • پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق، اندازہ ہے کہ اسلام 2060ء کے بعد دنیا کے سب سے بڑے عالمی مذہب کے طور پر مسیحیت سے سبقت لے جائے گا۔

وجہ نمبر ۲: مسیحی عقیدے کی بہتر تفہیم میں مدد

  • سیمنری میں انحرافات (Heresies) کا مطالعہ اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ طلباء صحیح عقیدہ (Orthodox) کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور حق اور ناحق الٰہیات میں فرق کر سکیں۔
  • اسی طرح ایک بڑے غیر مسیحی مذہب ہونے کے ناطے سے اسلام کا مطالعہ کرنا ہمیں یسوع مسیح کی تعلیمات کو سراہنے اور خدا کے بارے میں سچائی جاننے میں مدد دیتا ہے۔
  • پولس رسول کی مثال کی طرح، اسلام کا علم ہمیں مؤثر طریقے سے انجیل کی منادی کرنے کے زیادہ قابل بناتا ہے۔

وجہ نمبر ۳: مسلمانوں سے مؤثر مکالمہ اور انجیلی بشارت کی تیاری

  • خدا مسلمانوں سے محبت کرتا ہے کیونکہ وہ اس کی صورت پر بنائے گئے ہیں، حالانکہ خدا ایک ناحق مذہب کے طور پر اسلام کو پسند نہیں کرتا۔
  • ایک دعویٰ ہے کہ یسوع مسیح نے مسلمانوں کے لیے جان دی، یہ ایسے مسلمانوں کی نسبت سے درست ہے جو یسوع مسیح پر عیسائی عقیدے کے مطابق ایمان رکھتے ہیں۔
  • اگر ہم مسلمانوں سے محبت کرنا اور انہیں انجیلی بشارت دینا چاہتے ہیں تو ہمارے لیے ان کے عقائد، ان کے طریقوں، اور ان کے ایمان کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ ہم رکاوٹوں سے بچ سکیں اور مؤثر طریقے سے بات چیت کر سکیں۔

وجہ نمبر ۴: عالمی جغرافیائی سیاست میں اسلام اور مسلمانوں کا کردار

  • مشرق وسطیٰ کے تنازعات، نائن الیون کے حملے، اور عراق و افغانستان کی جنگوں سے لے کر بین الاقوامی دہشت گردی تک، اسلام اور مسلمان روزانہ کی بنیاد پر خبروں کا حصہ بنتے ہیں۔
  • اگر ہم مسیحیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ اس دنیا کو سمجھیں جس میں ہم رہتے ہیں، تو اسلام اور دنیا میں اس کے اثر و رسوخ کی بنیادی سمجھ رکھنا بھی اس ذمہ داری میں شامل ہے۔

وجہ نمبر ۵: امریکہ میں تیزی سے بڑھتا ہوا مذہب

  • اسلام 2010ء سے 2015ء کے درمیان امریکہ میں 60 فیصد کی شرح سے بڑھا۔ اور 2015ء میں امریکہ میں تقریباً 3.3 ملین (تینتیس لاکھ) مسلمان تھے۔
  • اگر موجودہ شرح نمو جاری رہی تو 2040ء تک مسلمان امریکہ میں دوسرا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن جائیں گے۔
  • یہ اضافہ بنیادی طور پر ہجرت اور پیدائش کی وجہ سے ہو رہا ہے؛ ہر سال امریکہ میں آنے والے قانونی تارکین وطن میں سے 10 فیصد سے زیادہ مسلمان ہوتے ہیں۔
  • نائن الیون کے بعد سے امریکہ میں مساجد کی تعداد تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔

وجہ نمبر ۶: مسلم ممالک میں مسیحیوں کی ناگفتہ بہ حالت

  • برے سلوک کا مسئلہ غیر مسلم ممالک میں بھی ہے لیکن مسلم ممالک اور ثقافتوں میں ان مسیحیوں کو خاص طور پر اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنہوں نے اسلام سے عیسائیت قبول کی ہے۔
  • یہ مسیحیت میں ہمارے ساتھی ہیں، اور ’’اگر ایک عضو تکلیف اُٹھاتا ہے تو سب اعضا مل کر تکلیف اُٹھاتے ہیں‘‘ (کرنتھیوں)۔
  • ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے لیے دعا کریں اور ان کی مدد کریں۔
  • ان کے حالات کو سمجھنے کے لیے ہمیں اس مسلمان ماحول کو بہتر طور پر جاننے کی ضرورت ہے جس میں وہ زندگی گزار رہے ہیں۔

https://youtu.be/2zYgPtlc8bI


اقسام مواد

تراجم, خطابات, نکات